دوستی اوردشمنی۔۔۔۔۔ادریس آزاد

دوستی اوردشمنی۔۔۔۔۔ادریس آزاد

18 مارچ 2020

دوستی

جس کے طریقے نہیں آتے مجھ کو

دشمنی

جس کے تقاضے مری اوقات نہیں

دونوں پلّے سے بندھے ہیں مرے

ساماں کی طرح

جو تعلق مجھے رکھنا ہے

بچاؤں کیسے؟

ترک کرنا ہے جسے

اُس کو نبھاؤں کیسے؟

گومگو میں ہوں

کہاں جاؤں ؟

کوئی راہ سجھائی دیتی

کوئی سُلجھی ہوئی آواز سنائی دیتی

اے مرے دوست! مری جان کے دشمن مرے دوست!

اے عدُو! میرے طرف دار! مرے یار! عدُو!

کاش تم دونوں

کسی روزسرراہ ملو!

کاش تم دونوں

کسی ٹوٹی ہوئی شاخ پہ

اِک پھول اور اک کانٹے کی مانند کھِلو!

اے مرے یارِ طرح دار خدا پوچھے تجھے!

اے مرے دشمنِ عیّار خدا پوچھے تجھے!

ادریس آزاد